تکفیری دہشتگرد امریکی و صہیونی آلہ کار
مجلس وحدت مسلمین نے کہا ہے کہ تکفیری دہشتگرد امریکی و صہیونی آلہ کار ہیں۔
مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے درگاہ شریف حضرت لعل شہباز قلندر میں تحفظ مزارات اولیاء اللہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ
امریکی و صہیونی ایماء پر کالعدم جماعتیں اس ملک میں ہر طبقہ فکر کے لوگوں کو نشانہ بنا رہے ہیں جو ملک کو عدم استحکام کی طرف دھکیلنے کی سازش ہے، 20 کروڑ عوام کے خلاف لشکر تشکیل دیا جارہا ہے، 80 ہزار ملک کے با وفا بیٹوں نے قربانیاں دیں، آپریشن ضرب عضب ہو یا رد الفساد مطلوبہ نتائج حاصل کرنے کے لئے سیکیورٹی اداروں کو اپنی پالیسیاں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے، یہ چھوٹے چھوٹے نام نھاد جہادی گروہ تشکیل دیکر کشمیر آزاد نہیں کرایا جاسکتا، یہ پالیسی تبدیل کرنی ہوگی۔
علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ جنرل ضیاء الحق نے افغانستان کے راستے آنے والے دہشت گردوں کو اس ملک میں پناہ دی، جس کا نتیجہ کلاشنکوف کلچر کی شکل میں سامنے آیا، اسلام کی بنیادی تعلیمات سے عاری دہشت گرد گروہوں نے اسلام کے نام پراس ملک میں قتل وغارت کا بازار گرم کئے رکھا، اولیاء اللہ کے مزارات کو نشانہ بنایا گیا، بانیان پاکستان کے بیٹوں کی نسل کشی کی گئی جو اب تک جاری ہے، ہم مادر وطن کے باوفا بیٹے ہیں، ارض پاک پر کسی بھی دہشت گردی کو قبول نہیں کریں گے، ہزاروں معصوم اور بے گناہ افراد کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا، داعش اور اس کے حامی گروہ ملک اور اس کے اطراف میں اڈے قائم کر رہے ہیں، ملک کو کمزور کرنے کی سازش کی جاری ہے، وفاقی و صوبائی حکومتیں اپنی آنکھیں کھولے اور ان دہشت گردوں کے خلاف فوری کارروائی کرے۔
کانفرنس سے خطاب میں علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کا خاتمہ ملک دشمن تکفیری دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو بلا تاخیر سزائیں دیئے بغیر ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مٹھی بھر دہشت گرد حکمرانوں کی سرپرستی میں اپنے عزائم جاری رکھے ہوئے ہیں، لعل شہباز قلندر کے مزار پر دہشت گردی کرنے والے وہی یزیدی ہیں جنہوں نے شام، عراق، میں آل رسول علیہ السلام سمیت پاکستان میں اولیاء اللہ کے مزارات کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا۔
رکن بلوچستان اسمبلی آغا سید رضا رضوی نے کہا کہ پاکستان میں داعش کی سرگرمیاں بڑھتی جارہی ہے، سیہون میں دہشت گردی سے عوام میں تفرقہ ڈالنے کی کوشش کی گئی، ملک میں فرقہ واریت کی کوئی گنجائش نہیں، ملک میں سب سے زیادہ ملت جعفریہ کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا، حکومت عوام کو تحفظ فراہم کرے ناکہ عوام کی مشکلات میں اضافہ کا سبب بنے۔
کانفرنس سے خطاب میں سجادہ نشین درگاہ لعل شہباز قلندرسید ولی محمد شاہ لکھیاری نے کہا کہ ملک بھر میں سکیورٹی کے نام پر بند کئے جانے والے مزارات کو زائرین کیلئے فورا کھولا جائے، دہشت گردی کرنے والے اسلام و ملک دشمن ہیں، خون کے آخری قطرے تک ان ملک و اسلام دشمن طاقتوں کے خلاف اعلان حق کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ میں ملوث دہشت گردوں اور ان کے پس پردہ قوتوں کی فوری گرفتاری عمل میں لائی جائے اور درگاہ کی سیکورٹی میں اضافہ کیا جائے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل سیہون درگاہ میں ہونے والی دہشتگردانہ کارروائی میں 90 سے زائد افراد جاں بحق اور 300سے زائد زخمی ہوئے تھے۔