لشکرجھنگوی اورجماعت الاحرار کے دہشتگردوں سمیت 200 گرفتار
پاکستان کے مختلف علاقوں میں کومبنگ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے لشکرجھنگوی اور کالعدم جماعت الاحرار کے دہشتگردوں سمیت 200 سے زائد دہشتگردوں اور مشتبہ افرادکو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس نے کراچی کے مختلف علاقوں میں کومبنگ آپریشن کے دوران 6 افغان باشندوں سمیت 60 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ۔ ترجمان رینجرز کے مطابق سہراب گوٹھ سے کالعدم جماعت الاحرار کے محمد عثمان کو گرفتار کیا گیا۔ عثمان جلوسوں پردہشت گردی کی منصوبہ بندی اورپولیس افسران کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہے۔
سکھر کے بس ٹرمینل کے قریب سی ٹی ڈی نے سکھر میں چھاپہ مارکارروائی کے دوران کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی کے فرار دہشتگرد کودھرلیا جس کی شناخت خلیل عرف جلیل کے نا م سے ہوئی ہے۔ ایس پی سی ٹی ڈی عرفان سموں کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشتگرد 2005 میں درگارہ چیزل شاہ مگسی میں بم دھماکے میں ملوث تھا جبکہ اس دھماکے کے نتیجے میں 34 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔
لاہور میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کے دوران 3 ملزمان کی گرفتاری اور بارودی مواد ،ڈیٹو نیٹراور دیگر سامان برآمد ہوا۔ حافظ آباد اور لودھراں میں سیکورٹی فورسز کی جانب سے کومبنگ آپریشن کے دوران 137افراد کوگرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیاگیا۔ اٹک کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران پولیس نے 7 مشکوک افراد کوگرفتار کرلیا۔