سعودی، امریکی اور اسرائیلی ملٹری الائنس
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے جنرل سیکریٹری نے کہا ہے کہ بعض ممالک کی مداخلت نے پاکستان کو نئی مشکل میں ڈال دیا ہے۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے جنرل سیکریٹری علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے جنرل (ر) راحیل شریف کے سعودی، امریکی اور اسرائیلی ملٹری الائنس کے سربراہ مقرر ہونے کی منظوری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ، اسرائیل اور سعودی اتحاد پاکستان کو فتنوں کی دلدل میں دھکیل دے گا۔ انہوں نے کل کراچی میں کہا کہ یہ اتحاد بیت المقدس اور کشمیر سمیت دیگر مظلوم مسلمانوں کے دفاع کے لئے نہیں بلکہ اسرائیل اوراس کے ساتھیوں کے تحفظ کے لئے تشکیل پایا ہے۔ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کہا کہ پاکستان میں ضیائی باقیات، ضیاء الحق کی احمقانہ پالیسوں، افغان جہاد اور دیگراسلامی ممالک میں مداخلت کو جاری رکھ کر پاکستان کو نئی مشکل میں دھکیل رہی ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کی سیاسی اور مذھبی جماعتوں نے جنرل (ر) راحیل شریف کو این او سی جاری کرنے کی شدید مخالفت کی ہے جبکہ تحریک انصاف نے ریٹائرڈجنرل راحیل شریف کو این او سی دینے کا معاملہ پارلیمنٹ میں اٹھانے کا اعلان کیاہے۔