Mar ۳۰, ۲۰۱۷ ۱۱:۲۲ Asia/Tehran
  • ریٹائرڈ جنرل راحیل شریف کے نام کھلا خط

پاکستان کی مجلس وحدت مسلمین نے ریٹائرڈ جنرل راحیل شریف کے اپنے خط میں ان سے کہا ہے کہ نام نہاد اتحاد کا سربراہ بننے سے اجتناب کریں۔

مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے  پاکستان کے سابق آرمی چیف اور ممکنہ طور پر سعودی اتحاد کے سربراہ ریٹائرڈ جنرل راحیل شریف کے نام ایک خط میں ان سے کہا ہے کہ وہ اس اتحاد کی کمان سنبھالنے سے گریز کریں۔علامہ راجاناصر عباس جعفری نے کہا کہ پاکستان مختلف مسالک اور فرقہ ہائے اسلامی کا مجموعہ ہے جن میں آپسی ہم آہنگی وطن عزیز کی بقا و سلامتی کیلئے بہر طور ضروری ہے۔ اس لئے ہر ایسا عمل جو اس فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو سبوتاژ کرنے کا سبب بنے، پاکستان کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ جنگی اتحاد جس کی سربراہی کرنے کی آپ کو پیش کش کی گئی ہے، خود اس کی ہیئت ترکیبی سے مسلکی و فرقہ وارانہ تعصب کی بُو آتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان جو ابھی تک دہشتگردی کے ناسور کے خلاف برسر پیکار ہے، ایسی نازک صورت حال میں فرقہ واریت اور تعصب کی نئی لہر اس مادر وطن کی امن و آتشی کیلئے زہر قاتل ثابت ہوگی اس لئے کہ اس جنگی اتحاد کی کارروائیاں یمن کے غریب مسلمانوں کے خلاف ہیں، جو کہ جنگ سے پہلے بھی اس خطے کی غریب ترین ریاست کے شہری تھے اور اب اس دو سالہ جنگ نے اس برادر اسلامی ملک کو کھنڈرات میں تبدیل کردیا ہے اوراس لاحاصل جنگ میں اقوام متحدہ کے مطابق انچاس ہزار چھ سو (49600) افراد شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔

عالمی اداروں کے مطابق یمن کے غریب اور نہتے مسلمان عوام جنگ کی وجہ سے تقریباً قحط کی سی صورت حال میں زندگی گزارنے پر مجبورہو گئےہیں۔

ٹیگس