پاکستان اور چین کے وزرائے اعظم کی ملاقات
پاکستان کے وزیراعظم نے اپنے چینی ہم منصب سے ملاقات کی اور سی پیک سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا جب کہ ملاقات کے بعد دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے معاہدے کئے گئے۔
پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف 66 رکنی وفد کے ہمراہ 6 روزہ دورہ چین پر ہیں۔ چین اور پاکستان کے وزرائے اعظم کی ملاقات میں سی پیک منصوبوں سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے بیلٹ اینڈ روڈ فورم کے انعقاد پر چین کے وزیر اعظم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان بیلٹ اینڈ روڈ فورم کی مکمل حمایت کرتا ہے، اقتصادی راہداری کے لئے ہم سب ایک ہیں اور پاکستان سی پیک کی تکمیل کے لیے پُرعزم ہے۔
دونوں وزرائے اعظم کی ملاقات کے بعد ان کی سربراہی میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف سمجھوتوں پر دستخط بھی ہوئے، پاکستان کی جانب سے وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے بھی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے۔