پاکستان کی جانب سےامریکی ڈرون حملے کی مذمت
پاکستان کی فوج کا کہنا ہے کہ امریکی ڈرون حملے دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشنز کو متاثر کرنے کے مترادف ہیں ۔
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے پشاور ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا، اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ امریکی ڈرون حملے دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشنز کو متاثر کرنے کے مترادف ہیں تاہم قابل عمل انٹیلی جنس شیئر کی جائے تو پاکستانی فوج بھی کارروائی کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، پاکستان نہ صرف مسلسل انٹیلی جنس شیئرنگ کر رہا ہے بلکہ پاک آرمی خفیہ معلومات پر کارروائی کے لئے ہمہ وقت تیار بھی ہے۔
پاکستانی فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ افغانستان کو اپنا برادر ہمسایہ سمجھتے ہیں، دہشت گرد پاکستان اور افغانستان کے مشترکہ دشمن ہیں تاہم خطرات سے نمٹنے کے لیے باہمی اعتماد کے ساتھ جواب دینا بھی ضروری ہے ۔
واضح رہے کہ دو روز قبل پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے علاقے ہنگو میں امریکی ڈرون حملے میں حقانی نیٹ ورک کا مبینہ کمانڈر ابوبکر ہلاک ہو گیا تھا۔