Jun ۱۶, ۲۰۱۷ ۱۰:۵۰ Asia/Tehran
  • یوم علی (ع) پر تخریب کاری کرنے والے دہشت گرد ہلاک

پاکستان میں یوم علی (ع) کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

موصولہ رپورٹوں کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ ڈیرہ غازی خان میں آپریشن رد الفساد کے تحت خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر پنجاب رینجرز نے آپریشن کیا۔ اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ مارے گئے دہشت گرد یوم علی (ع) کے موقع پر عزاداری کے جلوسوں میں دہشت گردی کا منصوبہ بنا رہے تھے۔ کہا جا رہا ہے کہ دہشت گردوں کا تعلق جماعت الاحرار اور لشکر جھنگوی سے ہے۔

اس رپورٹ کے مطابق سی ٹی ڈی نے ملتان میں شجاع آباد کے علاقے کالی پل کے پاس کارروائی کرتے ہوئے 3 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے دستی بم، اسلحہ اور دیگر بارودی مواد برآمد کرلیا ہے۔ دہشت گردوں کی شناخت عبدالحمید، لال گل اور دین محمد کے نام سے ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ لاہور کے تھانہ نواں کوٹ پولیس نے بکر منڈی کے علاقے میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے 20 ملزمان کو حراست میں لے لیا۔

دوسری جانب محکمہ داخلہ سندھ نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر یوم علی (ع) کے موقع پر شہر قائد میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر ایک روز کے لئے پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ڈبل سواری پر پابندی کا اطلاق 17 جون کی رات 12 بجے سے ہوگا جو اگلے 24 گھٹنوں تک جاری رہے گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق جلوس کے دوران ڈرون کیمروں سے کوریج پر بھی مکمل پابندی ہوگی۔

دوسری جانب کراچی پولیس چیف نے بھی محکمہ داخلہ سندھ سے درخواست کی ہے کہ یوم حضرت علی (ع) کے موقع پر سکیورٹی خدشات کے پیش نظر صبح 10 بجے سے رات 8 بجے تک موبائل فون سروس بند رکھی جائے۔

ٹیگس