Jul ۰۱, ۲۰۱۷ ۱۲:۴۵ Asia/Tehran
  • پاکستان: دھماکے سے 4 افراد جاں بحق

پاکستان کے قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں نصب بارودی مواد کے دھماکے میں ایک سیکیورٹی اہلکار سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔

پاکستان سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق سیکیورٹی فورسز کے اہلکار معمول کی گشت پر تھے کہ خیبر ایجنسی کی وادی تیراہ کے علاقے میدان میں نصب بارودی مواد کی زد میں آگئے، جس کے نتیجے میں ایک اہلکار اور 3 راہگیر جاں بحق ہوگئے۔ تاہم بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے میں تین سیکیورٹی اہلکار اور ایک عام راہگیر جاں بحق ہوئے۔ دھماکے میں زخمی ہونے والے دو افراد کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔

دھماکے کے نتیجے میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو بھی نقصان پہنچا۔ واقعے کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیتے ہوئے سرچ آپریشن شروع کردیا۔

خیبر ایجنسی افغان سرحد کے ساتھ پاکستان کے قبائلی علاقے میں وفاق کے زیر انتظام علاقوں میں سے ایک ہے.

پاک افغان سرحد پر ان قبائلی علاقوں میں فوج متعدد آپریشنز کر چکی ہے جس کے بعد یہاں سیکیورٹی صورتحال بہتر کرنے کا دعویٰ کیا جاتا ہے۔

خیبر ایجنسی میں گذشتہ 2 برس میں 2 آپریشن خیبر- ون اور خیبر- ٹو کیے گئے جبکہ شمالی وزیرستان میں بھی جون 2014 میں آپریشن ضرب عضب کا آغاز کیا گیا تھا۔

 

ٹیگس