Jul ۱۵, ۲۰۱۷ ۰۹:۰۱ Asia/Tehran
  • پاکستان: سیلاب سے 160 افراد جاں بحق و زخمی

پاکستان نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی این ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ پاکستان کے مختلف علاقوں میں گذشتہ 3 ہفتوں کے دوران بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے160 افراد جاں بحق و زخمی ہوئے۔

پاکستان نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی این ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ پاکستان میں 26 جون سے جاری بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں اب تک 70افراد جاں بحق اور 90 سے زائد زخمی ہوئے۔

ریسکیو ٹیموں نے متاثرہ علاقوں کے لیے خوراک، ٹینٹ، اور دیگر امدادی سامان روانہ کردیا ہے۔

پاکستان میں مون سون بارشوں کے باعث پنجاب اور خیبرپختونخوا کے علاقوں میں سیلاب کے باعث متعدد پل، سڑکیں اور املاک کو نقصان پہنچا ہے جبکہ ملک کے بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث متعدد سڑکیں بلاک ہوگئیں۔

علاوہ ازیں صوبہ پنجاب میں سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اس صوبے کے 40 متعلقہ محکموں کو تیار رہنے کی ہدایات کرتے ہوئے الرٹ جاری کردیئے گئے۔

ادھر ہندوستانی ریاستوں آسام، منی پور اور آروناچل پردیش میں بھی بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے 80 افراد جاں بحق ہوگئے۔

آسام، منی پور اور آروناچل پردیش میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے 58 اضلاع جبکہ صرف آسام میں ہی 17 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔

ریسکیو اہلکاروں نے سیلابی پانی میں پھنسے 8 ہزار کے قریب افراد کو بچالیا ہے۔

زیر آب آنے سے کئی دیہاتوں کا زمینی رابطہ بھی منقطع ہو گیا ہے۔ اور کئی علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

 

ٹیگس