پشاورمیں خودکش دھماکہ 10 ہلاک و زخمی
پشاور کے علاقے حیات آباد میں آج صبح ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 2 سکیورٹی اہلکار جاں بحق اور 7 زخمی ہو گئے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق حیات آباد میں باغ ناران کے قریب سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب زور دارخودکش دھماکا ہوا جس 2 سکیورٹی اہلکارجاں بحق جبکہ7 زخمی ہوئے ہیں جنہیں حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گيا ہے۔ دھماکا خودکش معلوم ہوتا ہے تاہم ابھی تک اس بارے میں حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ باغ ناران کے قریب گول چکر پر جونہی سیکورٹی فورسز کی گاڑی آہستہ ہوئی تو حملہ آور نے اپنی موٹر سائیکل اس گاڑی سے ٹکرا دی جس سے زور دار دھماکا ہوا ۔
دوسری جانب کل رات صوبہ بلوچستان کے علاقے ژوب میں ایف سی اور دہشتگردوں کے درمیان جھڑپ میں 4 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملک بھر میں آپریشن رد الفساد کامیابی سے جاری ہے جس تحت فرنٹیئر کانسٹیبلری نے ژوب کے علاقے قمر دین کاریز میں کارروائی کی، اس دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں میں جھڑپ ہو گئی اور فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے دہشتگردوں نے گزشتہ رات ایف سی چیک پوسٹ پر مشین گنوں اور راکٹوں سے حملہ کیا تھا۔
ادھرترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ فوج نے وادی راجگال میں خیبر 4 آپریشن کا آغاز کردیا ہے جس کا مقصد سرحد پار موجود دہشتگرد گروہ داعش کی پاکستانی علاقوں میں کارروائیوں کو روکنا ہے۔