Jul ۲۲, ۲۰۱۷ ۱۲:۱۰ Asia/Tehran
  • پاناما کا اونٹ کس کروٹ بیٹھے گا

پاناما کیس کا فیصلہ کیا آئے گا؟ کس کے حق میں اور کس کے خلاف ہوگا؟ فیصلہ کس دن سنایا جائے گا؟ تاریخی فیصلے کے اس دن کا سب کو بے صبری سے انتظارہے ۔

گزشتہ روز پاکستان کی سپریم کورٹ نے سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا اور کہا کہ گارنٹی دیتے ہیں کہ وہ وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی کا جائزہ لیں گے۔

ادھر حکمران جماعت نے سپریم کورٹ سے نااہلی کی صورت میں نیا وزیراعظم لانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ذرائع کا کہناہے کہ اگر سپریم کورٹ نے وزیراعظم کو براہ راست نااہل یا مزید تفتیش کےلئےعہدے سے ہٹانے کی سفارش کردی تو حکمران جماعت اپنا نیا وزیراعظم لے آئے گی۔

پہلے45 دن کے لیے عبوری وزیراعظم آئے گا پھر شہباز شریف کو ایم این اے منتخب کروا کر نیا وزیراعظم بنایا جائے گا وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں طے کیا گیا کہ سپریم کورٹ سے فیصلہ حق میں نہ آنے کی صورت میں تمام آئینی و قانونی آپشن استعمال کیے جائیں گے، سیاسی میدان خالی نہیں چھوڑا جائے گا۔

حکمران جماعت مسلم لیگ ن نے عدالت عظمیٰ کے ممکنہ طور پراپنےخلاف فیصلہ پر ہرصورت عمل درآمد کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئےممکنہ سیاسی مضمرات سے نمٹنے کی حکمت عملی تیار کرلی ہے۔

دوسری جانب سپریم کورٹ کی جانب سے پاناما کیس کا فیصلہ محفوظ کرنے کے بعد پاکستان کی تحریک انصاف کے رہنماؤں کا ہنگامی اجلاس عمران خان کی زیر صدارت بنی گالہ میں ہوا، جس میں پاناما کیس کے فیصلے کے ممکنہ اثرات اور مختلف پہلووں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ نوازشریف کے پاس رخصتی کے سوا کوئی راستہ نہیں رہا لیکن یہ فیصلہ انہیں خود کرنا ہے کہ وہ وزیراعظم کا عہدہ خود چھوڑیں گے یا پھر انہیں اس منصب سے ہٹایا جائے۔

بہرحال پانامہ لیکس کا معاملہ اب حتمی مرحلے میں ہے۔ جج صاحبان نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔چند روز میں اس مقدمے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد، معزز جج صاحبان پیش کردہ شواہد اور دلائل کی روشنی میں ، قانون و انصاف کے تقاضوں کے مطابق فیصلہ سنائیں گے۔

 

ٹیگس