باجوڑ ایجنسی میں دھماکہ، 5 ہلاک، 25 زخمی
Aug ۱۱, ۲۰۱۷ ۱۷:۵۶ Asia/Tehran
پاکستان کے نیم خود مختار قبائلی علاقے باجوڑ ایجنسی میں سڑک کے کنارے نصب بم کے پھٹ جانے کے باعث پانچ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
میڈیا رپورٹوں میں مقامی حکام کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ سڑک کے کنارے نصب بم کا یہ دھماکہ مسلح شرپسندوں نے ریموٹ کنٹرول کے ذریعے کیا ہے۔
مسلح افراد دھماکے کے بعد جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
اس دھماکے کے نتیجے میں پچیس افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں سے متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
حکام نے مرنے والوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔
اس دھماکے کا ہدف واضح نہیں ہوسکا جبکہ ہلاک اور زخمی ہونے والے سب ہی افراد عام شہری بتائے جاتے ہیں۔
تاحال کسی گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔