Aug ۱۵, ۲۰۱۷ ۰۹:۴۵ Asia/Tehran
  • شیعہ ٹارگٹ کلنگ کے خلاف مظاہرہ اور دھرنا

مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے تکفیری دہشت گردوں کی فائرنگ سے گزشتہ روز شہید ہونے والے سید مظہر حسین شیرازی کے جسد خاکی کے ہمراہ کوٹلی امام حسین (ع) کے سامنے سرکلر روڈ پر احتجاجی دھرنا دے دیا۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں تکفیری دہشت گردوں کی فائرنگ سے گزشتہ روز شہید ہونے والے سید مظہر حسین شیرازی کی نماز جنازہ کوٹلی امام حسین (ع) میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں اہل سنت و اہل تشیع شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

 نماز جنازہ کے بعد مجلس وحدت مسلمین نے شہید کے جسد خاکی کے ہمراہ کوٹلی امام حسین (ع) کے سامنے سرکلر روڈ پر احتجاجی دھرنا دے دیا۔ احتجاجی دھرنے کے باعث سرکلر روڈ پہ ہر قسم کی ٹریفک معطل ہوگئی۔

 دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ ڈیرہ اسماعیل خان کو اہل تشیع کی مقتل گاہ بنا دیا گیا ہے، افسوس اس بات کا ہے کہ مرکزی و صوبائی حکومتیں اس حوالے سے مکمل طور پر مجرمانہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں اور دہشت گردوں کی سرکوبی و اہل تشیع کے تحفظ کے لئے عملی اقدامات نہیں اٹھائے جارہے۔

درایں اثنا مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے پاکستان میں جاری شیعہ ٹارگٹ کلنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ تین دہائیوں سے یہ ملک دہشت گردی کا شکار ہے۔ ہم اس ملک میں امن کی بات کرتے ہیں، لیکن ہمیں جواب میں لاشیں دی جا رہی ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں تکفیری دہشت گردوں نے دو واقعات میں تین پولیس اہلکاروں کو شہید کیاہے جو کہ اہل تشیع مسلک اور سادات گھرانے سے تعلق رکھتے تھے۔

 

ٹیگس