بے نظیربھٹو کے قتل میں کون ملوث زرداری یا مشرف؟
پاکستان کے دو سابق صدور پرویز مشرف اور آصف علی زرداری نے ایک دوسرے پراس ملک کی سابق وزیراعظم محترمہ بے نظیربھٹو کے قتل میں ملوث ہونے کے الزامات عائد کئے ہیں۔
پاکستان کی قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کا کہنا ہےکہ بے نظیربھٹو کے قتل میں پرویز مشرف ملوث ہیں اور اسی لئے وہ ملک سے فرار ہیں۔
خورشید شاہ نے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف پر جوابی وار کرتے ہوئے کہا کہ درخواست ہے کہ عدالت مشرف کو بلا کر ثبوت مانگے۔
اپوزیشن لیڈر کا یہ کہنا ہے کہ پرویز مشرف کے اس ویڈیو بیان کے بعد اب تو یقین ہوگیا ہے کہ بے نظیر بھٹو کے قتل میں پرویز مشرف ملوث ہے۔
سابق صدر پرویز مشرف نے کل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھٹو خاندان کے نام اپنا ویڈیو پیغام جاری کیا۔
پرویز مشرف نے اپنے پیغام میں بے نظیر بھٹو اور ان کے بھائی مرتضیٰ بھٹو کے قتل کا ذمہ دار آصف علی زرداری کو قرار دیا ہے جبکہ اس سے قبل آصف علی زرداری نے کہا تھا کہ بے نظیر بھٹو کے قتل میں سابق صدر پرویز مشرف ملوث ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 31 اگست کو بے نظیر بھٹو قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے 5 ملزمان کو بری اور 2 پولیس افسران کو 17،17 سال قید کی سزا سنائی تھی ۔
عدالت نے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کی جائیداد کی قرقی کا حکم بھی دیا تھا۔