محرم الحرام میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام
پاکستان میں محرم الحرام کے دوران دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا ہے۔
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر پشاور کےسی سی پی او طاہرخان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پشاورمیں خزانہ کے علاقے سے انٹیلی جنس بنیادوں پرکیے گئے آپریشن کے نتیجے میں محرم الحرام کے دوران دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا گیا، آپریشن کے تحت 4 مطلوب دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا۔
سی سی پی او کا کہنا تھا کہ گرفتار دہشت گرد سیکورٹی فورسز پر حملوں میں بھی ملوث ہیں، دہشت گردوں میں عبد اللہ محرم الحرام کے دوران پشاور میں بارود نصب کر رہا تھا جس کا تعلق باجوڑ ایجنسی سے ہے جب کہ دوسرا، فورسز پر حملوں میں ملوث، تیسرا اور چوتھا دہشت گرد بھتہ خوری اور دیگر وارداتوں میں مطلوب تھے۔
گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے 2 دستی بم، 3 ایس ایم جیز اور2 پستول سمیت 5 کلو بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا۔
واضح رہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا دہشتگردی کے حوالے سے پاکستان کا نا امن ترین صوبہ ہے اور اس کے ایک اہم شہر پشاور میں تکفیری دہشتگردوں کی کارروائیوں میں ہزاروں شیعہ مسلمان شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔