صوبہ بلوچستان میں 4 دہشتگرد ہلاک، متعدد گرفتار
پاکستانی فوج نے صوبہ بلوچستان میں آپریشنز کرکے 4 مطلوب دہشتگردوں کو ہلاک اور خود کش حملوں میں ملوث متعدد دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا۔
موصولہ رپورٹوں کے مطابق پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان بھر میں آپریشن ’’رد الفساد‘‘ کامیابی کے ساتھ جاری ہے جس کے تحت فرنٹیئر کانسٹیبلری بلوچستان نے صوبے کے مختلف علاقوں میں آپریشنز کرکے 4 انتہائی مطلوب دہشتگردوں کو ہلاک کردیا جب کہ ڈیرہ مراد جمالی سےخود کش حملوں میں ملوث دہشتگرد سمیع اللہ سمیت 24 مشکوک افراد کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشنز کے دوران ایل ایم جیز، ایس ایم جیز، رائفلز، پستول، بارودی سرنگیں، 16 کلو دھماکہ خیز مواد، دستی بم، راکٹس، مارٹر شیل اور دیگر اسلحہ بھی برآمد ہوا۔
دوسری جانب بلوچستان کے ضلع کیچ سے 3 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
لیویز فورس کے مطابق بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے تمپ سے 3 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں جن کی شناخت ولید، حامد اور ارشاد کے نام سے ہوئی ہے۔ لیویز ذرائع کے مطابق تینوں افراد کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا ہے تاہم واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے کے دوران تمپ کے دشوار گزارعلاقوں سے کئی افراد کی لاشیں مل چکی ہیں۔
در ایں اثنا قانون نافذ کرنے والے اداروں نے محرم الحرام کے موقع پر دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے 4 دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار دہشت گرد محرم الحرام کے موقع پر شہر میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے اور ان کے قبضہ سے بم بنانے والا مواد، ڈیٹونیٹرز، بال بیرنگ اور دیگر آلات بھی برآمد ہوئے ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ گرفتار دہشت گردوں کی شناخت محمد عمران، منہاس ادریس اور حبیب اللہ کے نام سے ہوئی ہے جب کہ ان سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ مرکزی اور صوبائی حکومتوں نے محرم الحرام کے موقع پر سیکیورٹی پلانز تشکیل دیے ہیں اور سخت حفاظتی انتظامات کا حکم دیا گیاہے۔