Oct ۰۵, ۲۰۱۷ ۰۸:۴۶ Asia/Tehran
  • شیعہ مسنگ پرسن پوری قوم کا مسئلہ

مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما ناصر شیرازی نے کہا ہےکہ شیعہ مسنگ پوری ملت تشیع پاکستان کا مسئلہ ہے، جس کے لئے سب کو جیل بھرو تحریک میں شامل ہوکر جبری گرفتاریوں کے خلاف احتجاج کرنا ہوگا۔

مجلس وحدت مسلمین کے رہنما ناصر شیرازی نے پاکستانی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اور سکیورٹی ادارے ملکی قوانین پرعمل پیرا ہوتے ہوئے اسیران کو عدالتوں میں پیش کریں۔

انہوں نے کہا کہ شیعہ مسنگ پرسن کے مسئلے پرعوام کی ایک بڑی تعداد نے جیل بھرو تحریک میں شامل ہونے کا اعلان کیا ہے۔

 ناصر شیرازی نے کہا کہ پاکستان کے مختلف شہروں سے 50 اسیران تاحال سکیورٹی اداروں کی حراست میں ہیں، وہ کس حال میں ہیں اور کس جیل یا کال کوٹھریوں میں قید ہیں، اس حوالے سے ایک سال گزرنے کے باوجود ورثاء کو کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔

مجلس وحدت مسلمین کے رہنما کا کہنا تھا کہ کراچی میں محرم الحرام کے پہلے عشرے میں جید علماء کرام نے احتجاج کیا اور اب کل جمعہ کو ملک کے اہم مقامات پر جیل بھرو تحریک کا آغاز کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس تحریک میں تمام شیعہ تنظیموں کے کارکنان کی جانب سے گرفتاریاں پیش کی جائیں گی۔ تنظیمی کارکنان سمیت گمشدہ جوانوں کے خانوادوں اور علماء کرام نے بھی جبری گمشدگی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے گرفتاری پیش کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پر بھی نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد نے جیل بھرو تحریک میں شامل ہونے کا اعلان کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ شیعہ نوجوانوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔

ٹیگس