Oct ۲۷, ۲۰۱۷ ۱۲:۴۸ Asia/Tehran
  • اربعین کے لئے پاکستانی زائرین کی ایران آمد کا سلسلہ جاری

اربعین حسینی میں شرکت کے لئے کربلائے معلی جانے والا پاکستانی زائرین کا دوسرا بڑا قافلہ ایران کے سرحدی شہر میرجاوہ پہنچ گیا۔

ایران کے جنوب مشرقی صوبے سیستان و بلوچستان میں اربعین حسینی سے متعلق عوامی کمیٹی کے سربراہ رضا بختیاری نے بتایا ہے کہ کربلائے معلی جانے والے پاکستانی زائرین کا دوسرا بڑا قافلہ زمینی راستے سے ایران کے سرحدی شہر میرجاوہ میں داخل ہو گیا-

انہوں نے ارنا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گیارہ سو زائرین کو کہ جن کا تعلق پاکستان کے شہر کوہاٹ سے ہے، زاہدان میں امام رضا علیہ السلام کے نام سے منسوب زائر سرا میں ٹھہرایا گیا جس کے بعد انہوں نے  آگے کی جانب اپنا سفر شروع کر دیا-

اربعین حسینی سے متعلق سیستان و بلوچستان میں عوامی کمیٹی کے سربراہ رضا بختیاری کا کہنا ہے کہ گذشتہ برس بائیس ہزار پاکستانی زائرین زمینی راستے سے ایران کی سرحد میں داخل ہوئے تھے جو پھر اربعین حسینی میں شرکت کے لئے کربلائے معلی گئے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سال زمینی راستے سے ایران پہنچنے والے پاکستانی زائرین کی تعداد تقریبا تیس ہزار ہو گی-

واضح رہے کہ سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام کے چہلم میں شرکت کے لئے دنیا کے مختلف ملکوں سے کروڑوں عاشقان اہلبیت اطہار(ع) ہر سال کربلائے معلی پہنچتے ہیں۔

ایران سے بھی اس سال تیس لاکھ زائرین اربعین حسینی میں شرکت کے لئے کربلائے معلی جا رہے ہیں- ایران کی سرحدوں سے عراق میں داخل ہونے والے زائرین کی سفری سہولیات کے لئے دونوں ملکوں کی مشترکہ سرحدوں پر ہر طرح کے انتظامات مکمل ہو چکے ہیں اور ایران کے جنوبی اور مغربی سرحدی شہروں میں زائرین کے لئے جگہ جگہ موکب بنائے گئے ہیں اور مفت طبی خدمات فراہم کرنے کے لئے طبی مراکز بھی قائم کئے گئے ہیں-

ٹیگس