Oct ۲۸, ۲۰۱۷ ۰۸:۱۹ Asia/Tehran
  • جماعت الاحراراور لشکرجھنگوی کے دہشت گرد گرفتار

لاہور سے کالعدم جماعت الاحرار اورگوجرانوالہ سے کالعدم لشکرجھنگوی کے گرفتار ہونے والے دہشت گردوں سے بارودی مواد برآمد ہوا۔

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے صدر مقام لاہور میں  انسداد دہشت گردی فورس نے چائنہ سکیم علاقے میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے کالعدم دہشتگرد تنظیم جماعت الاحرار کے 2دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا، سی ٹی ڈی حکام کے مطابق دہشت گردوں میں سعید اکبر اور محمد وزیر شامل ہیں جن کے قبضہ سے بارودی مواد اور دستی بم برآمد ہوا، ابتدائی تفتیش کے دوران دہشت گردوں نے لاہور میں بڑی تخریبی کارروائی کی منصوبہ بندی کا اعتراف کیا ہے۔ایک اور کارروائی کے دوران سی ٹی ڈی گوجرانوالہ نے گلشن اقبال پارک جی ٹی روڈ پر کارروائی کے دوران دو دہشت گردوں محمد معاویہ اورعمر فاروق کو گرفتار کر لیا جن کا تعلق دہشتگرد گروہ کالعدم لشکر جھنگوی سے ہے ۔

دہشت گردوں کے قبضہ سے 1260 گرام بارودی مواد، 2 ڈیٹونیٹر،66 سیفٹی فیوز برآمد کر کے انہیں تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ،دوران تفتیش دہشتگردوں نے انکشاف کیا کہ وہ گلشن اقبال پارک میں شہریوں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے جبکہ لاہور کے مختلف علاقوں میں پولیس نے دیگر سکیورٹی اداروں کے ہمراہ مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران 21 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ۔

 

ٹیگس