پاکستان: بنوں میں سیکورٹی فورسز کی بڑی کامیابی، 17 دہشت گرد ہلاک، 3 دہشت گرد کمانڈر بھی شامل
پاکستانی سیکورٹی فورسز نے بنوں کے مختلف علاقوں میں کامیاب کارروائیاں انجام دے کر 17 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق مقامی پولیس، سی ٹی ڈی، کوئیک رسپانس فورس کی کامیاب کارروائیوں کے دوران 3 اہم کمانڈروں سمیت 17 دہشت گرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
خیبرپختونخوا پولیس کے ترجمان کے مطابق ان کارروائیوں میں پولیس اور سیکورٹی فورسز کی نفری محفوظ رہی اور اہل علاقہ کا بھرپور تعاون بھی سیکورٹی فورسز کو حاصل رہا۔ ترجمان نے بتایا کہ ہلاک کئے گئے دہشت گردوں کے پاس سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولا بارود بھی برآمد ہوا ہے۔
رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ شیری خیل، پکہ پہاڑ خیل میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر لکی پولیس، سی ٹی ڈی بنوں اور سیکورٹی فورسز نے آپریشن کرتے ہوئے 10 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، اس دوران 5 دہشت گرد زخمی ہوگئے اور ایک سہولت کار کو گرفتار کرلیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق یہاں ہلاک ہونے والے 7 دہشت گردوں کی لاشیں برآمد کی جاچکی ہیں جبکہ دشوار گزار پہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے بقیہ 3 لاشیں نہیں نکالی جا سکیں۔
ہلاک کئے گئے دہشت گردوں میں خطرناک کمانڈر نیاز علی عرف اکاشا اور عبداللّٰہ عرف شپونکوئی شامل ہیں، جو پولیس اور سیکورٹی فورسز کو انتہائی مطلوب تھے۔ نصر خیل کے علاقے میں بھی لکی پولیس، سی ٹی ڈی اور امن کمیٹی نے مشترکہ کارروائی کی جس میں ایک مطلوب دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔
ڈومیل کے علاقے میں اطلاع ملنے پر بنوں پولیس، سی ٹی ڈی اور سیکورٹی فورسز کی کمک پہنچی جہاں 8 گھنٹے طویل آپریشن میں 6 دہشت ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔
آپریشن میں دہشت گرد کمانڈر رسول عرف کمانڈر اَریانہ اور اس کے ساتھی ہلاک ہوگئے، ان کے پاس سے اسلحہ اور گولا بارود برآمد ہوا۔
دریں اثنا، خیبرپختونخوا کے انسپکٹر جنرل آف پولیس ذوالفقار حمید نے کہا ہے کہ عوام الناس کے جان و مال کی حفاظت کے لئےآخری دہشت گرد کے خاتمے تک کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔