ناصر شیرازی کو بازیاب کرایا جائے، زرداری
سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل سید ناصرعباس شیرازی ایڈوکیٹ کے اغوا کی شدید مذمت کی ہے۔
اسلام آباد سے ہمارے نمائندے کے مطابق پاکستان کے سابق صدر آصف علی زرداری نے حکومت پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ ناصر عباس شیرازی کو بازیاب کرائے۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ سیاسی رہنماؤں کا اغوا پاکستان کے مفاد میں نہیں ہے۔
اس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی میڈیا سیل نے بھی اپنے بیان میں ناصر عباس شیرازی ایڈوکیٹ کے اغوا کو غیر جمہوری اقدام قرار دیتے ہوئے ان کی فوری بازیابی کا مطالبہ کیا تھا۔
دوسری جانب مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے چہلم امام حسین کے موقع پر صدائے احتجاج بلند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سوشل میڈیا ذرائع پر جاری اپنے ایک پیغام میں علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ چہلم امام حسین کے موقع پر ناصر عباس شیرازی سمیت تمام گمشدہ افراد کی بازیابی لیے صدائے احتجاج بلند کریں۔
مجلس وحدت مسلمین کے میڈیا سیل کا کہنا ہے کہ سید ناصرعباس شیرازی کو چند روز قبل واپڈا ٹاؤن لاہور سے ان کے اہل خانہ کے ہمراہ سادہ لباس میں سیکورٹی اہلکاروں نے اغوا کیا تھا۔
ایم ڈبلیو ایم نے حکومت پنجاب کو ناصر عباس شیرازی کے اغوا کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔