Nov ۰۸, ۲۰۱۷ ۰۸:۱۴ Asia/Tehran
  • ٹرمپ کے بیان کے بعد، پاکستان کی حمایت میں اضافہ

پاکستان کے وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان سفارتی تنہائی کا شکار ہوا ہے اور نہ ہی سفارتی سطح پر کمزور ہوا ہے۔

پاکستانی سینیٹ کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیرخارجہ خواجہ آصف نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان مخالف بیان کے بعد سمجھا گیا کہ ہماری خطے میں حمایت کم ہوئی ہے لیکن ایسا نہ ہوا بلکہ ٹرمپ کی تقریر کے بعد سفارتی سطح پر ہماری حمایت بڑھی ہے۔

انہوں نے  کہا کہ سفارتی طور پر ہماری پوزیشن پہلے سے بہتر ہے ہم کسی تنہائی کا شکار نہیں اور نہ ہم سفارتی سطح پر کمزور ہوئے ہیں۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ ہماری پبلک پالیسی ہے کہ سیکیورٹی کونسل نے جنہیں کالعدم قرار دیا ہے وہ تنظیمیں کالعدم ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم سفارتی تنہائی کا شکار نہیں، نہ ہی سفارتی سطح پر کمزور ہوئے ہیں، ایران ، چین ،ترکی اور بعض دوسرے ملکوں کی ہمارے لیے حمایت پہلے جیسی ہی ہے۔

دوران اجلاس پیراڈائز لیکس کے حوالے سے خواجہ آصف نے امریکی وزیر خارجہ ٹیلرسن کا نام لیا تو پاکستانی سینیٹ کے چیئرمین میاں رضاربانی بولے وہ تو پیراڈائز میں ہیں جس پر خواجہ آصف نے جواباً کہا کہ ٹرمپ کے اور بھی ساتھی پیرا ڈائز میں ہیں۔

 

ٹیگس