ہندوستانی ڈپٹی ہائی کمشنرکی طلبی
پاکستان کےدفتر خارجہ نے کنٹرول لائن پر ہندوستانی گولہ باری سے خاتون کی ہلاکت پر ہندوستانی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کرکے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔
موصولہ رپورٹوں کے مطابق دفتر خارجہ نے ہندوستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو طلب کرکے ایل او سی پرگولہ باری سے 75 سالہ معمر خاتون کے جاں بحق ہونے پرشدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔
منگل کے روزہندوستانی فوج کی فائرنگ سے چڑی کوٹ سیکٹر میں 75 سالہ محمودہ بیگم جاں بحق ہوگئی تھیں۔
پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق سرحد کی خلاف ورزی اور عام شہریوں کو فائرنگ کا نشانہ بنانا کھلی جارحیت اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
پاکستانی دفتر خارجہ نے ہندوستانی ڈپٹی ہائی کمشنر پر زور دیا کہ وہ 2003 میں طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کو یقینی بنائیں اور حالیہ سیز فائر لائن کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کرائیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اورہندوستان ایک دوسرے پرلائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کرتے رہتے ہیں۔