ناصر شیرازی کی بازیابی کے لئےآل پارٹیز کانفرنس
مظاہرین نے پنجاب حکومت، شہباز شریف اور رانا ثنا اللہ کے خلاف زبردست نعرے لگائے۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما اور آئی ایس او پاکستان کے رکن مرکزی نظارت سید ناصر شیرازی ایڈووکیٹ کی عدم بازیابی اور پنجاب حکومت کی بے حسی کے خلاف پریس کلب کراچی کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی،جعفریہ الائنس کے سربراہ علامہ عباس کمیلی،مجلس علمائے شیعہ پاکستان کے سربراہ علامہ مرزا یوسف حسین اورآئی ایس او کے صدرمحمد یاسین سمیت مختلف مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں اور کارکنوں نے شرکت کی۔
مقررین نے کہا کہ ایک ملک گیر سیاسی و مذہبی جماعت کے سینئر رہنما کو بیس روز قبل اغوا کیا گیاجس کے ذمہ دارشہباز شریف،حمزہ شریف اور رانا ثنا اللہ ہیں۔ سی ٹی ڈی کے ذریعے ناصر شیرازی کو اغوا کرایا گیا اورآج بھی وہ سی ٹی ڈی کی غیر قانونی قید میں ہیں۔اس ملک میں جنگل کاقانون ہے، شریف خاندان نے وطن عزیز کو سلطنت شریفہ میں بدل دیا ہے، عدالتی احکامات کے باوجود ناصر شیرازی کی بازیابی کو پولیس انتظامیہ نے جان بوجھ کر معما بنایا ہوا ہے۔
مقررین نے وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار اور انسانی حقوق کے علمبرداروں سے گزارش کی ہے کہ پنجاب حکومت کی اس لاقانونیت کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ناصرشیرازی کی فوری بازیابی کو یقینی بنایا جائےاورذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
دوسری جانب مجلس وحدت مسلمین کی مرکزی کابینہ سپریم ادارہ شوریٰ عالی اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کا مشترکہ اجلاس سربراہ ایم ڈبلیوایم پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی زیر صدارات منعقد ہوا۔ اجلاس میں 24 نومبرکو لاہور میں آل پاکستان شیعہ پارٹیز کانفرنس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا اورقومی جماعتوں سے مشاورت کے بعد اہم لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ ایم ڈبلیوایم پاکستان علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ سید ناصر شیرازی ایک قومی سیاسی مذہبی جماعت کے اہم رہنما ہیں،اگر ایسی شخصیات کو تحفظ دینے میں قانون نافذ کرنے والے ادارے ناکام ہیں توعوام کا اللہ ہی حافظ ہے،ہم اچھی طرح جانتے ہیں کہ اس ایجنڈے کے پیچھے بین الاقوامی قوتیں ہیں،ہم مملکت خداداد پاکستان کو کسی بھی عرب ریاست کی کالونی نہیں بننے دینگے،پاکستان کی سالمیت کو خطرہ امریکہ اور ان کے اتحادیوں سے ہے،سید ناصر شیرازی اس مادر وطن کا باوفا بیٹا ہے،وہ ہمیشہ ملک دشمنوں کیخلاف سینہ سپررہےانکو اسی جرم کی پاداش میں عرب ممالک کی کاسہ لیسی کرنے والے حکمران جماعت نے اغوا کیا ہے۔