پاکستان میں خونی انقلاب
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے وزیراعلیٰ میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام کو ان کا حق دیاجائے۔
لاہور میں کڈنی ٹرانسپلانٹ سینٹر کے پہلے مرحلے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے صوبہ پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا کہ عوام کو ان کا حق نہ دیا گیا تو ایک خونی انقلاب آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے علامہ اقبال اور قائداعظم کے پاکستان کے لئے تقریروں کے سوا کچھ نہیں کیا، آج بھی غریب آدمی کو انصاف نہیں ملتا، غریب آدمی کے ساتھ تھانوں میں زیادتی ہوتی ہےاگر عوام کو ان کا حق نہ دیا گیا تو ایک خونی انقلاب آئے گا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خاتمےکی جنگ افواج پاکستان،پولیس ایجنسیوں اورعوام نے مل کرلڑی، ضرب عضب اور ردالفساد دونوں آپریشنز نے بڑی کامیابیاں حاصل کیں، آج ملک میں انتہاپسندی اور دہشت گردی کے آگے بند باندھ دیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ دھرنوں نے ایک بار پہلے ہی ملکی معیشت کا دھڑن تختہ کر دیا ہے، دھرنوں اور لاک ڈاون سے اور ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچنے سے پاکستان نہیں بنےگا بلکہ ایک دوسرے کا ساتھ دینے سے پاکستان بہتر بنےگا۔
واضح رہے کہ میاں نواز شریف کی نا اہلی کے بعد مسلم لیگ (ن) نے نئے انتخابات کے لئے میاں شہباز شریف کا نام وزیراعظم کے طور پر پیش کیا ہے۔