بےنظیر بھٹو کی برسی کے اجتماع سے بلاول اور زرداری کا خطاب
پاکستان کی سابق وزیراعظم بےنظیر بھٹو کے قتل کی دسویں برسی کے اجتماع سے خطاب میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر آصف علی زرداری نے اپنے سیاسی مخالفین پر شدید حملے کئے ہیں۔
گڑھی خدا بخش میں برسی کے اجتماع میں شریک ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بےنظیر بھٹو کو آئین اور جمہوریت کا دفاع اور دہشت گردی کے خلاف بات کرنے کے جرم میں قتل کیا گیا-
انہوں نے اپنے سیاسی مخالفین پر شدید حملے کرتے ہوئے کہا کہ بےنظیر بھٹو کو جن حکمرانوں نے عدالتوں میں جانے پر مجبورکیا وہ آج خود عدالتوں کا چکر لگا رہے ہیں-
بلاول بھٹو زرداری نے حکمراں جماعت مسلم لیگ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سوال کیا کہ موجودہ حکمرانوں نے جمہوریت کے لئے کیا کیا؟ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم موجود ہیں لیکن کہتے ہیں کہ میں وزیراعظم نہیں ہوں۔ انہوں نے عمران خان کو بھی نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کی سیاست انگلی کے اشارے پر چلتی ہے-
سابق صدر اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے بھی برسی کے اجتماع میں موجود لوگوں کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بےنظیر بھٹو اور ہماری پارٹی کے خلاف سازش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ بےنظیر بھٹو کے خلاف اب بھی سازش کی جا رہی ہے- آصف زرداری نے کہا کہ سبھی این آر او کے بنائے ہوئے ہیں لیکن اب میں ان کو جکڑ کر الیکشن لڑوں گا اور جیتوں گا-
برسی کے اجتماع کو خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹوزرداری نے سابق پاکستانی صدر مشرف کے خلاف نعرے بھی لگوائے- بےنظیر بھٹو کو ستائیس دسمبر دو ہزار سات کو راولپنڈی کے لیاقت باغ میں ایک جلسہ عام کے بعد دہشت گردانہ حملے میں قتل کر دیا گیا تھا۔