Dec ۲۸, ۲۰۱۷ ۱۲:۲۲ Asia/Tehran
  • ایران کے ساتھ تجارتی روابط کے فروغ پر تاکید

پاکستان کے وزیر مملکت برائے خزانہ رانا محمد افضل خان نے ایرانی میڈیا کے نمائندوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی شعبوں میں باہمی تعاون کو بڑھانے کے لئے کسی بھی کوشش سے دریغ نہیں کرے گا۔

اس موقع پر انہوں  نے پاک ایران تجارتی تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ ایران مخالف عالمی پابندیوں کا خاتمہ کیا گیا ہے، دونوں ممالک کے درمیان اچھے مواقع میسر ہیں لہذا دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کے لئے کوئی رکاوٹ نہیں ہونی چاہئے۔

پاکستان کے وزیر مملکت برائے خزانہ  کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ہمسایہ اور برادر ملک کی حیثت سے ہم ایران کے ساتھ اچھے اور دوستانہ تعلقات کے خواہاں ہیں۔

انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان موجود سنہری مواقعوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا میرے نزدیک سب سے آسان کام ہمسایہ ممالک کے ساتھ تجارتی روابط کا فروغ ہے، اس کا مثبت پہلو یہ ہے کہ اس سے دونوں ممالک کے عوام کے تعلقات سمیت سیاسی روابط پر گھرا اثر پڑسکتا ہے۔

انہوں نے کہا ایران جس خلوص کے ساتھ پاکستان کے ساتھ اپنی تجارتی روابط بڑھانا چاہتا ہے ہم بھی اسی خلوص سے ایران کے ساتھ اپنے تجارتی روابط کے فروغ کے لئے دن رات کوشش کریں گے۔

پاکستانی وزیر مملکت نے کہا کہ ہم اس بات پر غور کریں گے کہ بین الاقوامی قوانین کے تحت ایران کے ساتھ کس طرح تجارتی روابط بڑھا سکتے ہیں۔

ٹیگس