ایران - پاک سرحدی اور اقتصادی تعاون کے فروغ پر تاکید
Jan ۱۲, ۲۰۱۸ ۱۰:۱۳ Asia/Tehran
پاکستان نے ایران کے ساتھ سرحدی اور اقتصادی تعاون بڑھانے پر تاکید کی ہے۔
پاکستانی دفترخارجہ کے ترجمان محمد فیصل نے اسلام آباد میں اپنی ہفتہ وار پریس بریفنگ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ سرحدی اور اقتصادی شعبوں میں باہمی تعاون کو بڑھانے کے لئے پُرعزم ہے۔
انہوں نے پاکستان کی قومی سلامتی کے مشیر جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ کے حالیہ دورہ ایران کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس موقع پر دونوں ممالک نے باہمی تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
پاکستانی دفترخارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ جنرل جنجوعہ نے تہران میں سکیورٹی کانفرنس کے موقع پر ایران کی قومی سلامتی کے مشیر سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت خطے کے تازہ ترین صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔