نگراں وزیراعظم کی تقرری کے حوالے سے اختلافات
پاکستان میں وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی آج ہونے والی ملاقات منسوخ ہوگئی ہے۔
پاکستان میں نگراں وزیراعظم کی تقرری کے حوالے سے وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی آج ہونے والی ملاقات منسوخ ہوگئی ہے جبکہ خورشید شاہ نے کہا ہے کہ معاملے پر شاہد خاقان عباسی سے اب کوئی ملاقات نہیں ہوگی اور معاملہ مزید تعطل کا شکار ہوگیا ہے۔
قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ شاہد خاقان عباسی نگراں وزیراعظم کے ناموں کے معاملے پر اپنی بات سے پھر گئے ہیں، اب ان سے نگراں وزیراعظم کے معاملے پر ملاقات نہیں ہوگی، ہم سے کہا گیا کہ ججز کو نگراں وزیراعظم کے نام میں شامل نہیں کیا جائے گا، ہم ججز کے نام دینا چاہتے تھے لیکن نہیں دئیے، اب ہوسکتا ہے پارٹی مشاورت کے بعد پارلیمانی کمیٹی کے لئے 2 نام اسپیکر قومی اسمبلی کو بھجوادوں، پیپلز پارٹی کی طرف سے نوید قمر اور شیری رحمن پارلیمانی کمیٹی میں شامل ہوں گے۔
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے گزشتہ روز بھی شکوہ کیا تھا کہ نگراں وزیراعظم کا معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے پاس جائے گا، حکومت معاملے پر اپنی بات سے پیچھے ہٹ رہی ہے، وزیراعظم کو ہمارے نام مسترد کرنے کا کوئی اختیار نہیں، اپوزیشن کے نام مسترد نہیں ہو سکتے بلکہ پارلیمانی کمیٹی کو بھیجے جائیں گے۔