Jun ۱۹, ۲۰۱۸ ۰۸:۳۱ Asia/Tehran
  • چوہدری نثاراور نواز شریف کی راہیں جدا

مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ میری نواز شریف سے راہیں جدا ہو جائیں گی۔

این اے 59 میں الیکشن مہم کے دوران کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار علی کا کہنا تھا کہ مخالفین کو علم ہونا چاہیے میں اکیلا نہیں ہوں اور وہ ہمارا راستہ روک نہیں سکتے، 25 جولائی کو ہمارے مخالفین کی صندوقچیاں خالی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ جس کے ساتھ اللہ تعالیٰ ہو وہ اکیلا نہیں ہوسکتا اور مخلوق خدا جس کے ساتھ ہو اس کو کوئی ہرا نہیں سکتا۔

سابق وزیرداخلہ نے کہا کہ 34 سال سے میں نے نواز شریف کا بوجھ اٹھایا، نواز شریف کا مجھ پر نہیں بلکہ میرا ان پر اور ان کے خاندان پر قرض ہے، چوہدری نثار نے کہا کہ ان دنوں کسی ایک کو آگے کرنا تھا تو فیصلہ کیا کہ نواز شریف کو آگے کرنا چاہیے ورنہ وہ سینئر ارکان کی موجودگی میں پارٹی سربراہی کی اہل نہیں تھے اور نہ ہم سے زیادہ سیاسی سوچ کے مالک تھے۔

انہوں نے کہا کہ میں اللہ تعالٰی، قوم  اور نواز شریف سب کے سامنے جوابدہ ہوں، چاپلوسی نہیں کی، کوئی کام اپنے اصولوں کے خلاف نہیں کیا، سر اٹھا کر سیاست کی، میں نہ بکنے والا ہوں  نہ ضمیر فروش ہوں،سیاست عزت کے لیے کروں گا۔

 

ٹیگس