Jul ۱۳, ۲۰۱۸ ۲۱:۰۰ Asia/Tehran
  • پاکستان کے سابق وزیراعظم اور ان کی بیٹی گرفتار

پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی بیٹی مریم نواز کو وطن پہنچنے کے بعد گرفتار کرلیا گیا ہے۔

پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور ان کی بیٹی ایک نجی ایئرلائن کی پرواز سے لندن سے بذریعہ ابو ظہبی لاھور پہنچے تھے۔ چھے جولائی کو پاکستان کی ایک احتساب عدالت نے نواز شریف، ان کی بیٹی اور داماد کو ایون فیلڈ ریفرنس میں قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی۔
نواز شریف اور ان کی بیٹی کی لاھور آمد کے موقع پر مسلم لیگ نون کے سربراہ میاں شہباز شریف کی قیادت میں لیگی کارکنوں کا بہت بڑا جلوس ایئرپورٹ کے قریب تھا۔ ایئر پورٹ جانے والی شاہراہیں بند کردی گئیں تھیں۔ اس موقع پر کئی مقامات پر پولیس اور مسلم لیگ نون کے کارکنوں کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں لیگی کارکنوں کو بڑے پیمانے پرگرفتار کیا گیا۔

لاہور میں ائيرپورٹ کی جانب لیگی کارکنوں کی قیادت پارٹی کے صدر شہبازشریف نے کی جبکہ سیالکوٹ سے خواجہ آصف ، گجرانوالہ سے خرم دستگیر اور اسی طرح اپنے علاقے سے شاہد خاقان عباسی نے قافلوں کی قیادت کی ادھر اطلاعات ہیں کہ فیصل آباد میں پولیس نے لاہور جانے والے کارکنوں کو گاڑیوں سے اتار کر گرفتار کرلیا - لاہور ميں سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں اس موقع پر لیگی رہنماؤں نے ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ سیاسی سرگرمیوں پر پابندی کو قبول نہیں کیا جائے گا۔

ٹیگس