پاکستان: ضمنی انتخابات کے غیر سرکاری نتائج، مسلم لیگ (ن) کو برتری
پاکستان میں قومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی کی 13 نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات کے غیر سرکاری غیرحتمی نتائج کا سلسلہ جاری ہے جس میں حکمراں جماعت مسلم لیگ (ن) کو برتری حاصل ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق قومی اسمبلی کی 6 اور پنجاب اسمبلی کی 7 نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات کے غیر سرکاری و غیرحتمی نتائج کا سلسلہ جاری ہے۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 143کےتمام 442 پولنگ اسٹیشنوں کے غیرحتمی غیر سرکاری نتائج سامنے آگئے ہیں۔
غیرحتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق این اے 143 سے مسلم لیگ (نون) کے امیدوار محمد طفیل جٹ کامیاب ہوگئے ہیں۔
ضمنی انتخابات میں فیصل آباد، ساہیوال، سرگودھا، میانوالی سمیت صوبائی اسمبلی کی 6 نشستوں پر ن لیگی امیدواروں کو برتری حاصل ہے، ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔
دریں اثنا، چیف الیکشن کمشنر کا کہنا ہے کہ انتخابات پرامن رہے، کوئی غیر معمولی شکایت موصول نہیں ہوئی۔ کمشنر نے پرامن انتخابات کے انعقاد پر پنجاب اور خیبرپختونخوا حکومت سے اظہار تشکر کیا ہے۔
ادھر وزیراعظم شہباز شریف نے لیگی امیدواروں کو کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔ شہباز شریف نے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات میں کامیابی، قائد میاں محمد نواز شریف کے وژن اور ان کی بے مثال قیادت اور پارٹی کارکنان کی محنت کی بدولت حاصل ہوئی۔
واضح رہے کہ پاکستان میں قومی اسمبلی کی 6 اور پنجاب اسمبلی کی 7 نشستوں پر گزشتہ روز ووٹنگ ہوئی تھی جو صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہی۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok