عمران خان کا بڑا اعلان، ایران کے ساتھ تعلقات مضبوط کرنے پر تاکید
عام انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے پاکستانی قوم سے اپنے پہلے خطاب میں کہا کہ الیکشن جیتنے پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں، 22 سال کی جدوجہد کامیاب ہوئی اور نئے پاکستان بنانے کا خواب پورا کرنے کا موقع ملا ۔
عمران خان نے کہا کہ نئے پاکستان کو مدینے جیسی فلاحی اسلامی ریاست بناؤں گا، کسی سیاست دان پر اتنی ذاتی تنقید نہیں ہوئی جتنی مجھ پر ہوئی لیکن اس اہم موقع پر چاہتا ہوں کہ سارا پاکستان متحد ہو، اپنے تمام مخالفین کو معاف کرتا ہوں، ہماری حکومت میں کسی مخالف کے خلاف سیاسی انتقامی کارروائی نہیں ہوگی، قانون کی بالادستی قائم کی جائے گی۔
چیرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا تھا کہ فارن پالیسی بہت بڑا چیلنج ہے، اگر کسی ملک کو اس وقت امن کی ضرورت ہے تو وہ پاکستان ہے ہم تمام ہمسایوں سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں جبکہ ایران سے تعلقات مزید بہتر کرنا چاہتے ہیں، افغانستان سے ایسے تعلقات ہونے چاہئیں کہ سرحدیں کھلی ہوں، امریکا سے ایسے متوازن تعلقات چاہتے ہیں، سعودی عرب نے بھی ہر مشکل وقت میں ہمارا ساتھ دیا ہے، مشرق وسطیٰ میں ثالث کا کردار ادا کریں گے، جنگوں میں شرکت کے بجائے لڑائی ختم کرنے پر توجہ دیں گے۔
عمران خان نے کہا ہندوستان سے اچھے تعلقات میں برصغیر کی بہتری ہے، تجارتی تعلقات کو فروغ دینا چاہیے، اس میں دونوں کا فائدہ ہے، کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیاں ہو رہی ہیں، دنیا میں کسی بھی جگہ فوج آبادی والے علاقوں میں جاتی ہے تو انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہوتی ہے، پاکستان اور ہندوستان کو مذاکرت کے ذریعے مسئلہ کشمیر کو حل کرنا چاہیے۔