تحریک انصاف مرکز، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں حکومت بنانے کے لئے تیار
پاکستان تحریک انصاف نے اعلان کیا ہے کہ وہ وفاق، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں حکومتیں بنانے کی پوزیشن میں آگئی ہے جس کے لیے مطلوبہ نشستیں انہوں نے حاصل کرلی ہیں۔
بنی گالا میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا کہ ہمیں وفاق اور صوبے میں حکومت بنانے کے لیے جو نشستیں درکار تھیں وہ ہم نے حاصل کرلی ہیں، مسلم لیگ (ق) کے وفد نے عمران خان سے ملاقات کی ہے، فیصلہ کیا گیا ہے کہ (ق) لیگ وفاق اور پنجاب میں پی ٹی آئی کے ساتھ حکومتی اتحاد کا حصہ ہوگی ان کے ساتھ حکومتی اتحاد کا فارمولا تشکیل پاگیا ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہمیں درکار نشستیں پوری ہوگئی ہیں، قومی اسمبلی کے لیے پی ٹی آئی کا اپنا حصہ 144 نشستوں کا ہے، ق لیگ کی 4، ایم کیو ایم کی 6، بی این پی کی 2، جی ڈی اے کی 2 نشستوں کے امیدوار سمیت قومی اسمبلی کے 7 آزاد امیدوار ہمارے ساتھ شامل ہوچکے ہیں اور اس وقت ہم نیشنل اسمبلی کی 168 نشستوں کو چھو رہے ہیں اور ہم واضح اکثریت حاصل کرچکے ہیں۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ پنجاب میں 360 نشستوں پر الیکشن ہوئے، اس ایوان میں سے ہمارے پاس 180 نشستیں پہنچ چکی ہیں جن میں خواتین اور آزاد امیدوار اور الائنس شامل ہیں چنانچہ ہم وفاق اور پنجاب میں حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہیں، اسی طرح بلوچستان میں ہم مخلوط حکومت میں ہوں گے جس کے لیے مذاکرات جاری ہیں جب کہ خیبر پختونخوا میں ہماری پہلے ہی دو تہائی اکثریت ہے۔
ادھر ذرائع کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین کی ایم کیو ایم سے ملاقات ہوئی اور ان کی 6 نشستوں کی حمایت حاصل کرنے کیلئے کافی پیشرفت ہوئی۔