Sep ۰۹, ۲۰۱۸ ۰۶:۵۶ Asia/Tehran
  • عدلیہ بحالی تحریک میں شمولیت مسلم لیگ (ن) کی بڑی غلطی

مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ عدلیہ بحالی تحریک میں شامل ہونا ہماری غلطی تھی۔

لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ عدلیہ بحالی تحریک کے دوران عمران خان اسلام آباد میں چھپے ہوئے تھے، عدلیہ بحالی تحریک میں شامل ہونا ہماری غلطی تھی، ہمیں لگتا ہے کہ آصف زرداری کی اس وقت کی باتیں ٹھیک تھیں۔ عدلیہ بحالی تحریک میں نواز شریف کو تجویز دی تھی کہ ایک بار سوچ لیں، ہمیں لگتا تھا کہ اب مارشل لا کی چاپ بھی نہیں آئے گی لیکن سارا کام الٹا ہو گیا۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما کا کہنا تھا کہ انتخابات کے نتیجے کو کسی نے تسلیم نہیں کیا، ایک ایسے آدمی کو لا کر بٹھا دیا گیا ہے جو منتخب نہیں ہے، ہم نہیں چاہتے کہ عمران خان کے حصے میں بھی وہ رسوائی آئے جو دیگر سابق وزرائے اعظم کے حصے میں آتی رہی ہے، ہم نے اس الیکشن کا بھی حلف لیا جو الیکشن ہے ہی نہیں۔ یہ ملک ایسے نہیں چل سکتا، لوگوں کو حقوق دینا ہوں گے، جب تک نواز شریف جیل میں ہیں حالات ٹھیک نہیں ہوں گے۔ پاکستان کی بقاء کے لیے نواز شریف کو آزادی دلانا ہوگی۔

ٹیگس