یوم حسین(ع) کے پروگرام میں شیعہ سنی عمائدین کی شرکت
یوم حسین (ع) کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ اس طرح کی محافل کا انعقاد ضروری ہےتاکہ نوجوانوں میں حسینی سوچ، کردار و گفتار اور اقدار منتقل ہوں۔
پاکستان کے شمالی علاقہ جات کے شہرگلگت سٹی پارک میں یوم حسین (ع) کی تقریب منعقد ہوئی جس میں شیعہ سنی عمائدین اورعلماء کرام سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ تقریب کے موقع پر شیعہ سنی وحدت کا مثالی مظاہرہ دیکھنے کو ملا، اہل سنت علمائے کرام نے یوم حسین کے پروگرام کو سراہتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ اس طرح کے پروگرامز ہر سطح پر ہونے چاہیئے، تاکہ ہمارے نوجوانوں میں حسینی سوچ پیدا ہوسکے۔
یوم حسین کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیعہ و سنی علماء اور شخصیات نے کہا کہ جب تک ہم حسینی کردار، گفتار اور اقدار کو نہ اپنائیں گے، تب تک ہم حسینی دعوے دار تو ہوسکتے ہیں لیکن حقیقی حسینی نہیں بن سکتے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرنا چاہیئے، اتفاق اور اتحاد ایک عظیم نعمت ہے، یہ دولت بھی ہے اور برکت بھی۔
مقررین کا کہنا تھا کہ حضرت امام حسین (ع) کو پہنچان نے کی ضرورت ہے، حسین صرف ذات کا نام نہیں بلکہ نظریئے کا نام ہے، حسینی وہ ہیں جو حسین کی سیرت پرعمل کریں۔