لاپتہ افراد کی بازیابی اور دہشت گردی کے خلاف احتجاج
پاکستان کی سیاسی اور مذبی جماعتوں کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لاہور میں ناصر باغ سے پنجاب اسمبلی تک احتجاجی ریلی نکالی جائے گی جس میں طلبا سمیت علمائے کرام اور دیگر شیعہ جماعتوں کے عمائدین بھی شریک ہوں گے۔
امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں ملی جماعتوں کا اجلاس ہوا۔ جس میں مشترکہ طور پہ طے پایا کہ اتوار کو لاہور میں لاپتہ افراد کی بازیابی اور ملک میں جاری دہشت گردی و انتہا پسندی کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرنے کے لئے استحکام پاکستان ریلی کا انعقاد کیا جائے گا۔
استحکام پاکستان ریلی آئی ایس او پاکستان کے سالانہ کنونشن کے بعد 3 بجے ناصر باغ سے اسمبلی ہال تک نکالی جائے گی۔ ریلی میں تمام ملی جماعتوں کے کارکنان شریک ہوکر مسنگ پرسنز اور اسیران کی بحالی کا مطالبہ کریں گے۔
مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان انصر مہدی کا کہنا تھا کہ مسنگ پرسن پوری قوم کا مسئلہ ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ محبان محمد و آل محمد ۖ مملکت خداداد پاکستان میں قانون کی بالادستی کا مطالبہ کرتے ہوئے لاپتہ افراد کی فوری بازیابی کیلئے اتحاد و وحدت کی اس عظیم مثال کو قائم رکھیں۔ اجلاس میں شریک تمام جماعتوں کے نمائندوں کا کہنا تھا کہ جب تک محب وطن لاپتہ افراد بازیاب نہیں ہو جاتے ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔