ہندوستانی ڈوزیئر میں شامل افراد سمیت 44 دہشتگرد گرفتار
پاکستانی وزارت داخلہ نے جماعت الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن پر پابندی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔
اسلام آباد میں وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی اور سیکریٹری داخلہ اعظم سلیمان خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کالعدم تنظیموں کے حوالے سے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کررہے ہیں، کالعدم تنظیموں کے اثاثے ضبط کرنا پڑے تو کریں گے، اس آپریشن میں تمام کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے، ہم نے 44 لوگوں کو حفاظتی تحویل میں لیا ہے، ان میں کچھ ایسے لوگ بھی ہیں جن کا ہندوستانی ڈوزیئر میں ذکر تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزارت داخلہ میں نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں تمام صوبائی حکومتوں کو کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کے احکامات جاری کیے گئے تھے اور جماعت الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن پر چند روز قبل پابندی کا اعلان کیا گیا تھا تاہم اب وزارت داخلہ نے باقاعدہ نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے۔ وزارت داخلہ نے انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997ء کے تحت جماعت الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن پر پابندی لگائی ہے۔