ایران کے ساتھ ریلوے لائن کے رابطے بڑھائے جائیں گے، عمران خان
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ان کا ملک کوئٹہ تفتان ریلوے لائن کے منصوبے پر مکمل طور پر عمل کر کے ایران کے ساتھ ریلوے رابطوں کو فروغ دینا چاہتا ہے۔
عمران خان نے پاکستان کے صوبے بلوچستان میں جمعے کے روز کئی منصوبوں کا افتتاح کرتے ہوئے تاکید کے ساتھ کہا کہ پاکستان کے وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کوئٹہ تفتان ریلوے لائن کے منصوبوں پر ایران کے ساتھ مذاکرات کر رہے ہیں اور جلد ہی اس سلسلے میں اچھی پیشرفت کا مشاہدہ کیا جائے گا۔پاکستان کے ریلوے کے وزیر شیخ رشید احمد نے مارچ کے شروع میں ایران میں قزوین رشت ریلوے لائن کے افتتاح کی تقریب میں شرکت کے لئے ایران کا دورہ اور ایران و پاکستان کے درمیان ریلوے رابطوں کو فروغ دیئے جانے کی ضرورت پر تاکید کی تھی۔انھوں نے کہا تھا کہ کوئٹہ تفتان اور چابہار گوادر ریلوے لائن وسطی ایشیا اور یورپ کے لئے پاکستانی مصنوعات کی منتقلی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔