Apr ۰۱, ۲۰۱۹ ۰۹:۰۶ Asia/Tehran
  • سفینہ اہل بیت ہی راہ نجات ہے: پاکستان کے وزیر مذہبی امور

پاکستان کےوفاقی وزیر مذہبی امورنے کہا ہے کہ اچھی نصیحت کے ساتھ لوگوں کو اللہ کے دین کی جانب بلایا جائے ۔

خاتون جنت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے کہا کہ مسجد و محراب کے مقدس مسند کو ایک دوسرے کے خلاف استعمال کرنے سے گریز کیا جائے کیونکہ اصل رحمانی طاقتیں وہی ہیں جو ملاتی اور اکھٹا کرتی ہیں۔

پیرنورالحق قادری نے واضع کیا کہ پاکستان اعتدال پسند ملک ہے لیکن یوم خواتین پرجو کچھ ہوا سب نے دیکھا، وہ دن خواتین پر ایک بدنما دھبہ اور داغ بن گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ طاقتیں ہماری صفوں میں بگاڑ پیدا کرگئیں جو کافر کافر فلاں کافر کرتے رہے لیکن ہمیں کسی تصادم اور کسی منشتر کیفیت کا شکار نہیں ہونا چاہے۔

انہوں نے کہا کہ اس دنیا میں سفینہ اہل بیت ہی راہ نجات ہے اور اہل سنت اہل بیت کے سلسلے میں کسی بخل کا شکار نہیں ہیں۔

پیر نور الحق قادری کا کہنا تھا کہ حضرت سیدہ فاطمہ زہرا (س) کی شخصیت مثالی ہے اور ہماری عزتیں اور بقاء و وجود انہی کی نسبت سے ہیں۔

علاوہ ازیں خاتون جنت کانفرنس سے صدر جماعت اہل حرم مفتی گلزار احمد نعیمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ اہل بیت کا احترام ہو یا کسی شخصیت کا احترام ہم سب کو عزت و تکریم کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

مفتی گلزار احمد نعیمی نے کہا کہ افسوس ہم غیروں کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں تاہم وقت آگیا کہ ہم سب مل کر نفرتوں کو مٹائیں اور محبتوں کو فروغ دیں۔

 

ٹیگس