شیعہ مسلمانوں کے خلاف کریک ڈاون کی مذمت
مجلس وحدت مسلمین نے کراچی میں شیعہ مسلمانوں کے خلاف کریک ڈاون کی مذمت کی ہے۔
مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکریٹری مولانا احمد اقبال رضوی، کراچی کے سیکریٹری جنرل مولانا صادق جعفری اور علامہ مبشر حسن نے اپنے مشترکہ بیان میں کراچی میں ملت جعفریہ کے خلاف ریاستی اداروں کے کریک ڈاؤن کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے فوری روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں ایم ڈبلیو ایم کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ چادر اور چار دیواری کو پامال کرتے ہوئے اب تک کراچی کے مختلف علاقوں سے 80 سے زائد شیعہ نوجوانوں، عزاداروں اور صحافیوں کو بلاجواز گرفتار کرکے ان کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسطرح کے اقدامات سے ملت جعفریہ میں شدید عدم تحفظ پیدا ہو رہا ہے، جس پر ملت جعفریہ کے اکابرین کو فوری اعتماد میں لیا جائے۔
مجلس وحدت مسلمین کے رہنماؤں نے کہا کہ کراچی کو ملت جعفریہ کیلئے نو گو ایریا بنایا جا رہا ہے، جہاں کسی کا دفتر و گھر محفوظ نہیں رہا۔ ایم ڈبلیو ایم کے رہنماؤں نے شیعہ دشمن اقدامات فوری روکنے اورلاپتہ کیے جانے والے شیعہ جوانوں، عمائدین اور صحافیوں کو فوری طور پر رہا کرنے کا مطالبہ کیا۔