پاکستان نے ہندوستان کے مزید 100 ماہی گیر رہا کردئیے
پاکستان نے جذبہ خیرسگالی کے تحت کل مزید 100 ہندوستانی ماہی گیروں کو رہا کردیا ۔
پاکستان کی جانب سے اب تک رہا کیے گئے ماہی گیروں کی تعداد 300 ہوگئی ہے جن میں سے 200 کو گزشتہ ہفتے جبکہ 100 ماہی گیروں کو کل رہا کیا گیا ۔
ہندوستانی ماہی گیروں کو پاکستان بزنس ایکسپریس کے ذریعے لاہور روانہ کیا گیا ہے جہاں سے واہگہ بارڈر کے راستے وہ اپنے وطن واپس پہنچ جائیں گے۔
پاکستانی دفترخارجہ نے رواں ماہ میں 360 قیدیوں کو چار مختلف مراحل میں رہا کرنے کا اعلان کیا تھا جس میں سے تین مرحلے مکمل ہوگئے ہیں جبکہ ایک باقی ہے جس کے تحت 29 اپریل کو مزید ہندوستانی ماہی گیروں کو رہا کیا جائے گا۔
پاکستان اور ہندوستان کے درمیان اس سال کے آغاز میں قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ ہوا تھا جس کے مطابق پاکستان کی مختلف جیلوں میں 537 ہندوستانی شہری قید ہیں جس میں 483 ماہی گیر اور 54 سویلین شامل ہیں، اسی طرح ہندوستانی جیلوں میں قید پاکستانی شہریوں کی تعداد 317 ہے جس میں 98 ماہی گیراور 249 سویلین شامل ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور ہندوستان کے ماہی گیر کشتیوں میں سمت اور حدود بتانے والے جدید آلات نہ ہونے اورشکار کی تلاش میں ایک دوسرے ملک کی حدود میں داخل ہوجاتے ہیں جس پر انہیں گرفتار کرلیا جاتا ہے۔