May ۱۵, ۲۰۱۹ ۱۰:۰۰ Asia/Tehran
  • پاکستان: ایمنسٹی اسکیم کا مقصد کالے دھن کو سفید کرنے کا موقع فراہم کرنا

پاکستان کےمشیرخزانہ حفیظ شیخ کا کہنا ہے کہ ایمنسٹی اسکیم کا مقصد کالے دھن کو سفید کرنے کا موقع دینا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران مشیر خزانہ حفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ آج کابینہ نے مختلف نکات کی منظوری دی ہے، لوگ 31 جون تک اس اسکیم میں شامل ہوں گے، کابینہ نے بہت فیصلے کیے تاہم اہم فیصلہ اثاثے ظاہر کرنے کی اسکیم ہے، اسکیم کا مقصد کالے دھن کو سفید کرنے کا موقع دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسکیم کا مقصد ریونیو نہیں بلکہ معیشت کو دستاویزی بنانا ہے تاکہ معاشی پہیہ چل سکے اور یہ سادہ، عام فہم اور حقیقت پر مبنی اسکیم ہے اس کا مقصد ڈرانا دھمکانا نہیں ہے بلکہ کاروبار کی حوصلہ افزائی ہے۔

حفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ صرف پبلک آفس ہولڈر اسکیم حاصل نہیں کرسکیں گے جب کہ ملکی اثاثے 4 فیصد دے کر قانونی بنائے جاسکتے ہیں تاہم پیسے بینک اکاؤنٹ میں رکھنا ہوں گے، بے نامی اکاؤ نٹس اور پراپرٹیز کو بھی ظاہر کیا جا سکےگا۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن نے ایمنسٹی اسکیم کی مخالفت کی ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران کابینہ سے ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کی منظوری پرحکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی ٹیکس ایمنسٹی اسکیم حرام اور عمران خان کی حلال ہے، عمران خان کی کرپشن حلال جب کہ کسی اور کا کام ٹھیک نہ ہونا حرام ہے، ایک سال پہلے مسلم لیگ (ن) کی ٹیکس ایمنسٹی اسکیم بری اور آج عمران خان کی ٹھیک ہے۔

 

ٹیگس