May ۲۶, ۲۰۱۹ ۰۹:۳۵ Asia/Tehran
  • یوم شہادت حضرت علی (ع) پر پاکستان میں سکیورٹی سخت ،لاہور میں عام تعطیل

یوم شہادت حضرت علی علیہ السلام کے موقع پر پاکستان بھر میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے خصوصی انتظامات کئے جا رہے ہیں۔

یوم شہادت حضرت علی علیہ السلام کے موقع پر دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر پاکستان میں سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دے دی گئی۔ پولیس کے ہزاروں اہلکار اور افسران سکیورٹی ڈیوٹی پر موجود ہونگے جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے رینجرز کے اہلکار بھی اسٹینڈ بائے ہونگے۔

مرکزی جلوس کے داخلی راستوں پر جامہ تلاشی لی جائے گی۔ جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں سے تمام جلوسوں کی مانٹیرنگ بھی کی جائے گی۔

 موبائل فون سروس کی بندش اور موٹر سائیکل پر ڈبل سواری پر پابندی کی تجویز بھی زیرِغور ہے۔

21 رمضان المبارک کو یوم شہادت حضرت علی علیہ السلام کے موقع پر لاہور میں عام تعطیل ہوگی تمام سرکاری و ضلعی دفاتر اور اسکول بند رہیں گے ۔ شہر کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی لگا کر سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں ہیں۔

ادھرصوبہ سندھ کے آئی جی پولیس نے صوبے میں1306 امام بارگاہوں میں سے 78 امام بارگاہیں، 50 مجالس اور 47 جلوسوں کو بہت زیادہ حساس قرار دیا ہے۔ 78 بہت زیادہ حساس امام بارگاہوں میں سے 30 کراچی میں، 22 حیدرآباد، 1 سکھر اور 25 لاڑکانہ میں ہیں۔

آئی جی پولیس نے کہا کہ یوم علی(ع) کے موقع پر 32260 پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے ۔

کوئٹہ،پشاور اور پاراچنار میں بھی سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے جا رہے ہیں۔

آتشیں اسلحہ کی نمائش اور ساتھ رکھنے پر پابندی عائد کی گئی ہے ۔ فرقہ واریت کو فروغ دینے والی متنازع اور اشتعال انگیز تقاریر کی سختی سے ممانعت کی گئی ہے اور اس پرعملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے ۔ جبکہ بڑے جلوسوں کی نگرانی کیلئے لا اینڈ انفورسمنٹ ایجنسیز کی فضائی نگرانی کی غرض سے ہیلی کاپٹر استعمال کیاجائے گا اور ڈرون ، سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے سکیورٹی کی نگرانی بھی کی جائے گی۔

 

ٹیگس