عمران حکومت کے خلاف اپوزیشن کمربستہ
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ حکومت کے خلاف 13 ملین مارچ کرچکے ہیں،اب صرف آخری وار کرنا ہے۔
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے ڈیرہ اسماعیل خان میں عید ملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ موجودہ حکومت کو تسلیم نہیں کرتے، اپوزیشن جماعتوں میں وسیع اتحاد ہو چکا ہے۔
انہوں نے موجودہ حکومت کی پالیسیوں کو ملک کیلئے خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ کب تک ہم حقائق کو چھپاتے رہیں گے۔
جے یو آئی سربراہ نے مزید کہا کہ حکومت کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد قائم ہو چکا ہے۔
مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ الیکشن میں بدترین دھاندلی ہوئی، جسے سب مانتے ہیں، ملکی معیشت تباہ ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں ہم حکومت کیخلاف اپنے ہدف کو حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔
ادھر پاکستان کے وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور نے مولانا فضل الرحمان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان پاکستان کی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں، عوام مولانا فضل الرحمان کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے ہمیں عمران خان کا ساتھ دے کر پاکستان کو بچانا ہے۔
علی امین کا کہنا تھا کہ حکومت دینی تعلیم کے ساتھ ساتھ دنیاوی تعلیم کا بھی نفاذ کر رہی ہے، فضل الرحمان کرپٹ افراد کی حمایت کرکے کس اسلام کا ثبوت دے رہے ہیں۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان ذاتی مفاد اور پیسوں کے لیے کرپٹ عناصر کی ڈھال بنتے ہیں ۔