وزیراعظم پاکستان عمران خان امریکا کے دورے پر روانہ
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان امریکا کے سرکاری دورے پر ایک اعلی سطحی سیاسی اور فوجی وفد کے ہمراہ واشنگٹن روانہ ہوگئے ہیں۔
پاکستان کے سرکاری میڈیا کے مطابق وزیراعظم عمران خان غیر ملکی کمرشل پرواز کے ذریعے واشنگٹن کے لئے روانہ ہوئے -
عمران خان کے ہمراہ مشیر خزانہ حفیظ شیخ ، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، معاون خصوصی برائے سمندر پاکستانی امور زلفی بخاری اور آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ بھی امریکا کے لئے روانہ ہوئے ہیں۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اس دورے کے پیش نظر پہلے ہی امریکا پہنچ چکے ہیں۔
وزیراعظم بننے کے بعد عمران خان کا یہ پہلا دورہ امریکا ہے۔
وہ بائیس جولائی کو امریکی صدر ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔
وہ امریکا میں اپنے قیام کے دوران پاکستانی کمیونٹی سے بھی خطاب کریں گے۔ پاکستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ پہلا موقع ہے جب پاکستانی فوج کی اعلی قیادت وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں وزیراعظم کے ہمراہ موجود ہوگی۔ واشنگٹن جاتے ہوئے عمران خان نے دوحہ میں بھی مختصر قیام کیا۔