آصف علی زرداری کی درخواست پر فیصلہ محفوظ
Oct ۱۴, ۲۰۱۹ ۱۸:۵۹ Asia/Tehran
پاکستان کی احتساب عدالت نے ملک کے سابق صدر آصف علی کو جیل سے اسپتال منتقل کیے جانے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں بند سابق صدر آصف علی زرداری کو بیماری کے باعث اڈیالہ جیل سے اسپتال منتقل کرنے کی درخواست کی سماعت کی۔سماعت کے دوران آصف زرداری کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ان کے موکل کو دل کا عارضہ لاحق ہے اور اگر انہیں دل کی تکلیف ہوئی تو انہیں فوری طور پر اسپتال نہیں پہنچایا جاسکےگا کیونکہ اڈیالہ جیل سے اسپتال تک کا فاصلہ ڈیڑھ گھنٹے میں طے ہوتا ہے۔انہوں نے جیل میں آصف علی زرداری کو دو ذاتی اٹینڈنٹ رکھنے کی بھی درخواست کی تاہم عدالت نے سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔