Oct ۱۷, ۲۰۱۹ ۱۰:۴۵ Asia/Tehran
  • پاکستان: چہلم حضرت امام حسین(ع) میں موبائل فون سروس بند کرنے کا فیصلہ

چہلم حضرت امام حسین(ع) کے موقع پرکسی بھی ممکنہ دہشتگردی سے مؤثر انداز میں نمٹنے کیلئے سکیورٹی پلان تشکیل دیا گیا ہے۔

پاکستان میں 20 اکتوبر کو چہلم حضرت امام حسین(ع) پر امن و امان کی صورتحال یقینی بنانے کے لئے کراچی،لاہور اور کوئٹہ سمیت کئی دیگر حساس اضلاع میں موبائل فون سروس جزوی طور پر معطل رہے گی جبکہ موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی ہوگی۔ صوبہ پنجاب میں چہلم حضرت امام حسین(ع) کے موقع پر امن وامان کے لئے فوج اور رینجرز طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

چہلم حضرت امام حسین(ع)  کے دوران منعقد کی جانے والی مجالس اور جلوسوں کے ساتھ ساتھ حساس تنصیبات کی سیکیورٹی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔

اس موقع پرعوام سے اپیل کی گئی کہ امن و امان قائم رکھنے کے لیے مروجہ قوانین اور ضابطہ اخلاق کی پاسداری کریں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بھر پور تعاون کرتے ہوئے شر پسند عناصر، مشکوک سرگرمی اور ناخوش گوار واقعہ کی فوری اطلاع قانون نافذ کرنے والے اداروں کودیں۔

واضح رہے کہ پاکستان و ہندوستان میں اتوار 20 اکتوبرکو چہلم حضرت امام حسین(ع) ہے جبکہ ایران اور عراق سمیت دوسرے ممالک میں چہلم حضرت امام حسین(ع) ہفتہ 19 اکتوبرکو ہے۔

 

ٹیگس