Oct ۳۱, ۲۰۱۹ ۰۷:۱۹ Asia/Tehran
  • ٹرین میں آتشزدگی سے 13 افراد جاں بحق درجنوں زخمی

پاکستان کے شہرکراچی سے لاہور جانے والی تیز گام ایکسپریس میں آتشزدگی سے 13 افراد جاں بحق جب کہ 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق کراچی سے لاہور جانے والی تیز گام ایکسپریس میں آگ بھڑک اٹھی، حادثہ رحیم یار خان میں ٹانوری اسٹیشن چک نمبر 6 چنی گوٹھ کے قریب پیش آیا، آگ کے شعلوں نے 3 بوگیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے باعث 13 افراد آگ سے جھلس کر جاں بحق اور 30 سے زائد افراد شدید زخمی ہو گئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ لگنے کی وجہ تبلیغی جماعت کے مسافروں کا گیس سلنڈر پھٹنا بتائی جا رہی ہے جب کہ ریسکیو خان پور، لیاقت پور اور ریلوے پولیس موقع پر روانہ ہو چکی۔ ریسکیو اہلکاروں نے ریسکیو آپریشن شروع کردیا۔

دوسری جانب وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے جاں بحق افراد کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ تیزگام ایکسپریس کو حادثہ کراچی سے لاہور جاتے ہوئے پیش آیا تاہم ریسکیو اور فائر بریگیڈ کی امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آگ ٹرین کی اکانومی کلاس میں گیس سلنڈر پھٹنے سے لگی جب کہ مسافروں نے ٹرین سے کود کر جانیں بچائیں۔

حکام کے مطابق مسافر ٹرین میں آگ لگنے کے افسوسناک حادثے کے بعد ضلع بھر کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

ٹیگس