اپوزیشن جماعتیں حکومت کے خلاف احتجاج جاری رکھنے پر متفق
Nov ۰۴, ۲۰۱۹ ۱۸:۲۳ Asia/Tehran
جمیعت علمائے اسلام ف کے سربراہ اور آزادی مارچ کے قائد مولانافضل الرحمن کی قیادت میں حزب اختلاف نے حکومت کے خلاف احتجاج جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
اسلام آباد سے موصولہ رپورٹ کے مطابق مولانا فضل الرحمن کی صدارت میں حزب اختلاف کی کل جماعتی کانفرنس ختم ہوگئی ۔ کانفرنس میں پیپلز پارٹی اور اے این پی سمیت حزب اختلاف کی نو سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ اس کانفرنس میں آزادی مارچ اور دھرنے نیز حکومت کے ساتھ مذاکرات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا ۔
بتایا گیا ہے کہ کل جماعتی کانفرنس میں حزب اختلاف کے رہنماؤں نے حکومت کے خلاف احتجاج جاری رکھنے پر اتفاق کیا ۔
کانفرنس کے اختتام پر جے یو آئی ف کے سیکریٹری جنرل عبدالغفور حیدری نے بتایا کہ کل جماعتی کانفرنس کے فیصلوں کا اعلان مولانا فضل الرحمن جلسے میں کریں گے ۔ انھوں نے کانفرنس کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ حزب اختلاف کی جماعتیں متحد اور متفق ہیں۔
انھوں نے اسی کےساتھ بتایا کہ حکومت کی مذاکراتی کمیٹی سے رہبر کمیٹی کی ملاقات بھی ہوگی اور کوشش کی جائے گی کہ تمام معاملات افہام و تفہیم سے حل کرلئے جائیں۔